باقی احمد پوری … یہ شہر نہیں آسان میاں

یہ شہر نہیں آسان میاں
مشکل ہے یہاں گزران میاں

اب کیا ہوگا، کل کیا ہوگا
اک دھڑکا ہے ہر آن میاں

ان گلیوں میں، بازاروں میں
دیکھا ہے کوئی انسان میاں

بے سود یہاں ہر سود ہوا
نقصان پہ ہے نقصان میاں

دیوار نہیں اور در بھی نہیں
پھر کاہے کو دربان میاں

ناممکن سی جو لگتی ہے
اس بات کا ہے امکان میاں

اس خاک سے خاک ہی نکلے گی
یہ خاک تو خود ہی چھان میاں

یہ کیسی جنگ مسلط ہے
یہ کیسا ہے گھمسان میاں

میں احمد پور سے آیا ہوں
میری ہے یہی پہچان میاں

Related posts

Leave a Comment