صغیر احمد صغیر ۔۔۔ کبھی تو دیکھو گے ان کی لالی جناب عالی (ماہنامہ بیاض مارچ 2022)

کبھی تو دیکھو گے ان کی لالی جناب عالی
ہماری آنکھیں جو ہیں سوالی جناب عالی

اب اور کیسا بنائیں خود کو جو بھائیں تم کو
کہ اب تو ہم نے انا بھی ڈھا لی جناب عالی

عجب قرینہ، عجب مہارت ہے گفتگو میں
جو اتنا اچھے سے بات ٹالی جناب عالی

ہمارا بچپن کا یار تھا جو، وہ چاہتا ہے
ہم اس کو بولیں جناب عالی، جناب عالی

تمہاری ضد ہے تو نام بھی اب کے لیں تو کہنا
لو آج ہم نے قسم اٹھا لی جناب عالی

وہ جس کی خاطر مری محبت کو رد کیا تھا
اب اس کے دل میں جگہ بنالی جناب عالی

جناب دنیا سے ڈر گئے نا؟ بدل گئے نا؟
ہمارے پیچھے بھی تھی یہ سالی جناب عالی

صغیر کیسے بتائیں اُس کو بدن ہمارا
ہے بائیں جانب سے اب بھی خالی جناب عالی

Related posts

Leave a Comment