اقتدار جاوید ۔۔۔ دبلی پتلی

دبلی پتلی

۔۔۔۔۔۔۔

شگن بھری خواب سے جڑی ہے
زمانہ رفتار سے بندھا ہے
(زمانے کو آپ زید کہہ لیں کہ بکر جانیں)
شگن بھری کا وہ خواب،
وہ آفتاب روشن ہے
جو افق کے محیط کو روندتا نکلتا ہے
شب کے اسفنج سے سیاہی نچوڑتا ہے
وہ
نیند اور نیند کے اندھیروں کی کوکھ کو توڑتا ہے
وہ وقت کی یخ  آلود  جھیل کو چھیدتا ہے
تو ثانیے ابلتے ہیں
جیسے…جیسے…
شگن بھری کی بخار والی سفید آنکھوں سے جیسے موتی ٹپک رہے ہوں
زمانہ رفتار سے بندھا ہے
وہ تیز رفتار جے جے ونتی کی راگنی کی دھنوں پہ رقصاں ہے
موت سے بے خبر زمیں کی نہایتوں سے ورا نکلتا وہ اپنی رفتار سے بندھا ہے

یہ کیسی سمتیں ہیں جو کہیں بھی نہیں نکلتیں
یہ کیسا طوفاں ہے جو مسلسل ہے
زندگانی مہا بھنور ہے
زمانہ بے جان ایک تنکا

کوئی ترازو ہے
جس کا شاہیں کہیں نہیں ہے
زمانہ ’’گہرا کنواں‘‘ گھڑی کی عظیم اورلازوال ٹک ٹک کی لال کٹھنائیاں زمیں کی نہائتیں
اک الگ کمرے میں کھیلتے بے نیاز بچے اور ان کی آیا
سب ایک پلڑے سے جڑ رہے ہیں
اور
ایک پلڑے میں دبلی پتلی شگن بھری ہے
شگن بھری خواب سے جڑی ہے!!

Related posts

Leave a Comment