سلام….. ارشد شاہین

خدا کے دین کے ضامن ، مرے امام حسینؑ
سلام تجھ پہ دل و جان سے سلام ، حسینؑ

درودِ پاک وظیفہ ہو زندگی کا مری
سلام پڑھتا رہوں تجھ پہ صبح و شام، حسینؑ

جہاں میں ایک علامت ہے استقامت کی
برائے دینِ محمد ﷺ ترا قیام ، حسینؑ

یہ تیرے صبر کا اعجاز ہے لبِ دریا
رہا ہے تیرا مخالف ہی تشنہ کام ، حسینؑ

مقامِ رشک و تفاخر ہے آدمی کے لیے
ملا ہے تجھ کو زمانے میں جو مقام ، حسینؑ

جلے گا تیری محبت کا دیپ تا بہ ابد
رہے گا زندہ زمانے میں تیرا نام حسینؑ

عَلَم بلند رہے گا تری شجاعت کا
جہاں کو دیتا رہے گا ترا پیام حسینؑ

کسی یزید کی بیعت قبول کیسے کرے
پیا ہو تیری محبت کا جس نے جام ، حسینؑ

تو پھر یہ عشق کے دعوے فضول ہیں سارے
نہیں عمل میں اگر تیرا احترام حسینؑ

یہ فخر کافی ہے ارشد کو زندگانی میں
کہ لوگ کہتے ہیں مجھ کو ترا غلام ، حسینؑ

Related posts

Leave a Comment