نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سعید راجا

نصابِ حسن و ہدایت پہ بات کی جائے
حضورِ پاک کی سیرت پہ بات کی جائے

کہ جس کے بعد نہ آئے گا اب نبی کوئی
اسی نبی کی نبوت پہ بات کی جائے

میں امتی ہوں خدا کے رسولِ ارفع کا
مِرے نصیب کی رفعت پہ بات کی جائے

کسی کو ضد ہے کہ تفصیل دوں گناہوں کی
مُصِر ہوں میں کہ شفاعت پہ بات کی جائے

میں واقعہ شبِ معراج کا سناتا ہوں
جو اوجِ شانِ رسالت پہ بات کی جائے

مِرے نبی کے مدینے سے ہو کے آئی ہے
ہوا  سے لمس کی لذت پہ بات کی جائے

میں اپنے آپ کو دیکھوں نہ رشک سے کیونکر
سعید ان سے جو نسبت پہ بات کی جائے

Related posts

Leave a Comment