نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم ۔۔۔ سید ریاض حسین زیدی

نعتؐ

آنکھوں میں سجا،دل میں بسا،روح میں اترا
سو جان سے پیارا ہے مجھے گنبد خضریٰ

دنیا کی چکاچوند نے تاریک کیا تھا
روشن ہے خوشا!دیدۂ و دل میں شب اسرا

میرے رگ و ریشہ میں شفق پھوٹ رہی ہے
ہے یادِ نبیؐ دل میں مرے انجمن آرا

ایمان و یقیں کا سروسامان ہوا ہے
انسان جو ہر سمت تھا ٹوٹا ہوا بکھرا

ہر غیرِ خدا کے ہوئی چنگل سے رہائی
اوہام کا ورنہ دلِ انساں کو تھا خطرہ

قطروں نے سمندر سے لیا تابہ کراں روپ
ذروں نے چمک کر کیا ہر آنکھ کو خیرا

پل بھر میں اندھیروں کے قدم ڈول رہے تھے
یوں ماہِ عرب،مطلعِ انوار پہ ابھرا

بے حال کو ملتا ہے سکوں آپؐ کے دم سے
ہیں لرزہ براندام یہاں،قیصروکسریٰ

ہر راز نہاں اس پہ عیاں ہوتا گیا ہے
جس کی نگہ و قلب میں ہے عظمتِ اقرا

ہو چشمِ کرم آپؐ کی جس پر مرے آقاؐ!
کنکر ہو تو اک آن میں بن جاتا ہے ہیرا

کام آئے ریاض آج مری نعت سرائی
ہو جائے ضیا بار،مری ہر شب تیرا

Related posts

Leave a Comment