اک دھواں ہلکا ہلکا سا پھیلا ہوا ہے اُفق تا اُفق
ہر گھڑی اک سماں ڈوبتی شام کا ہے اُفق تا اُفق
کس کے دل سے اڑیں ہیں سلگتے ہوئے غم کی چنگاریاں
دوستو! شب گئے یہ اجالا سا کیا ہے اُفق تا اُفق
ہجر تو روح کا ایک موسم سا ہے جانے کب آئے گا
سرد تنہائیوں کا عجب سلسلہ ہے اُفق تا اُفق
سینکڑوں وحشتیں چیختی پھر رہی تھیں کراں تا کراں
آسماں نیلی چادر سی تانے پڑا ہے اُفق تا اُفق
روتے روتے کوئی تھک کے چپ ہو گیا دو گھڑی کے لیے
ایک نمناک سنّاٹا اب چیختا ہے اُفق تا اُفق
ایک میں ہوں پرانا ہوا جا رہا ہوں نفس یک نفس
وہ سحر ہے شفق در شفق، وہ فضا ہے اُفق تا اُفق
میرے ذہنِ شگفتہ کی رنگینیوں کی طرح ہو بہو
ایک نظّارہ لمحہ بہ لمحہ نیا ہے اُفق تا اُفق