سینہ سینہ سانسوں کے بٹوارےچلتے رہتے ہیں
آشاؤں کے سندر بن میں آرے چلتے رہتے ہیں
صدیاں اپنی راکھ اُڑاتی رہتی ہیں چوراہوں میں
مَٹّی کی شَریانوں میں اَنگارے چلتے رہتے ہیں
خاک نگرسے آنکھوں کاسنجوگ بھی ایک تماشا ہے
آنکھیں جلتی رہتی ہیں، نظّارے چلتے رہتے ہیں
دَر اَندازی کرنے والی آنکھیں رسوا ہوتی ہیں
اَور جھیلوں میں جھالر دار شِکارے چلتے رہتے ہیں
دنیا اپنے بازاروں میں ہاتھ ہِلاتی رہتی ہے
اپنے دھیان کی گلیوں میں بنجارے چلتے رہتے ہیں