نعتؐ
آنکھ سے مَیں نے لگایا جب کبھی موئے رسولؐ
میرے اطراف و جوانب پھیلی خوشبوئے رسولؐ
جو کہا اور جو کِیا مرضیِ رب کے ساتھ تھا
خوئے حق ہر دَم رہی ہے شاملِ خوئے رسولؐ
حشر میں ہم سے گنہ گاروں کی بخشش ہو گئی
ایک لحظہ کو ہُوا جب اِس طرف روئے رسولؐ
کاخِ دُنیا کیا ہماری حیثیت پہچانتا
ہم نبیؐ کی خاکِ پا ، ہم ذرّۂ کوئے رسولؐ
کچھ زمینِ شوق ہی احسان مند اُنؐ کی نہیں
شانۂ افلاک تک پھیلے ہیں گیسوئے رسولؐ
