ہمزاد
۔۔۔۔۔
مجھے کوزہ بنانے کا ہنر اب تک نہیں آیا
ازل سے چاک پر آنسو گندھی مٹی دھری ہے
مگر کچھ ذہن میں واضح نہیں ہے
تصور ہے بھی تو
بس ایک دھندلا سا تصور
تصور ، جو کسی بھی نقش میں ڈھلتا نہیں ہے
مرے اندر کوئی تصویر گڈمڈ ہو رہی ہے
نہ جانے کون مجھ میں رو رہا ہے
رواں آنکھوں سے پانی ہو رہا ہے
درونِ ذات گہرے پانیوں میں بسنے والی سرد ظلمت کا تماشا ہے
دکھائی کچھ نہیں دیتا
دیے میں تیل جلتا جا رہا ہے
ازل سے چاک پر آنسو گندھی مٹی دھری ہے
مجھے کوزہ بنانے کا ہنر
کوزہ گرو! اب تک نہیں آیا